اہم ترین

اسٹیورٹ براڈ کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ نے آسٹریلیا کے خلاف دی کیا اوول میں ایشز کے پانچویں ٹیسٹ کے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹیں مکمل کرنے والے 37 سالہ فاسٹ باؤلر نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان دی کیا اوول میں ایشز کے پانچویں ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پر اس خبر کی تصدیق کی۔

براڈ دسمبر 2007 میں سری لنکا کے خلاف ڈیبیو کرنے کے بعد سے انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے ایک اہم رکن رہے ہیں، جنہوں نے 167 میچز کھیلے ہیں، اور اس موسم گرما کی ایشز سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بھی ہیں۔

دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر نے 2005 میں لیسٹر شائر کے لیے فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا اور بعد میں ناٹنگھم شائر چلے گئے، اس کے علاوہ وہ 121 ایک روزہ بین الاقوامی اور 56 بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز میں نمایاں رہے۔

براڈ نے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، “کل یا پیر میرا کرکٹ کا آخری میچ ہوگا، یہ ایک شاندار سفر رہا ہے، ناٹنگھم شائر اور انگلینڈ کا بیج اپنے سینے پر لگانا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔

میں کرکٹ سے آج بھی اتنا ہی پیار کر تا ہوں جتنا میں نے پہلے کبھی کیا ہے، یہ (ایشز) ایک شاندار سیریز رہی ہے جس کا میں حصہ رہا اور میری ہمیشہ خواہش رہی کہ ہم جیتیں۔ مجھے لگتا ہے کہ اس سیریز کا حصہ بننا سب سے شاندار اور لطف اندوز تجربہ رہا ہے”۔

براڈ نے میڈیا کو بتایا کہ وہ پچھلے کچھ ہفتوں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے بارے میں سوچ رہے تھے لیکن آخر کار جمعہ کی شام ساڑھے آٹھ بجے انہوں نے فیصلہ کیا اور ٹیم ہوٹل میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔

باقی ٹیم کو آج صبح چینجنگ روم میں بتایا گیا۔ براڈ اس وقت مکمل فٹ محسوس کر رہے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ اس موسم گرما کی ایشز سیریز کے اختتام پر اپنے شاندار کیریئر کو ختم کرنا ہی سب سے ریٹائرمنٹ کے لیے سب سے بہتر وقت ہو سکتا تھا۔

پاکستان