اہم ترین

اگر سائفر کا متن سچ ہے تو پھر یہ بہت بڑا جُرم ہے، وزیر اعظم

وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر امریکی ویب سائٹ ‘ دی انٹرسیپٹ’ میں  شایع ہونے والے سائفر( خفیہ سفارتی مراسلے) کا متن سچ ہے تو پھر یہ بہت بڑا جُرم ہے۔

ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کہ سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی  اس بات کی تصدیق کی تھی کہ پاکستان کے خلاف کوئی غیر ملکی سازش نہیں کی گئی، لیکن اگر امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر کی جانب سے ارسال کردہ سفارتی مراسلے کا متن سچ ہے تو پھر یہ بڑے جُرم کے مترادف ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ “ایک ملاقات میں سابق سفیر اور سیکرٹری خارجہ اسد مجید نے واضح طور پر کہا کہ ڈونلڈ لو سے ان کی ملاقات میں کسی سازش پر بات نہیں ہوئی،   اگر خدانخواستہ یہ حکومت امریکی سازش سے بنی ہوتی تو یہ ہمارے لیے شرم ناک لمحہ ہوتا۔

شہباز شریف نے امریکی ویب سائٹ میں شایع ہونے  والی رپورٹ کے متعلق جواب دیتے ہوئے کہا کہ میری سربراہی میں سائفر تناز ع پر قومی سلامتی کمیٹی کے دو اجلاس ہوئے تھے ۔

امریکی نیوز ویب سائٹ دی انٹرسیپٹ نے چند دن قبل سائفر کے متن کو اپنی رپورٹ کا حصہ بناتے ہوئے لکھا تھا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کےی حکومت گرانے میں امریکی دباؤ  دکھائی دیتا ہے ،کیونکہ امریکی سفارت کار نے یہ بیان دیا تھا کہ اگر عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تو سب کچھ معاف کردیا جائے گا۔

پاکستان