اہم ترین

پاکستان کو بھارت اور آسٹریلیا کے بعد افغانستان سے بھی شکست

ورلڈ کپ میں پاکستان کو بھارت اور آسٹریلیا کے بعد افغانستان نے بھی شکست دے دی ۔۔

چنئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 282 رنز بنائے ۔ جواب میں افغانستان نے مطلوبہ ہدف 49 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔

پاکستانی کی سست بیٹنگ

اوپنر امام الحق اور عبداللّٰہ شفیق نے پاکستان کو محتاط آغاز فراہم کیا، 56 کے مجموعے پر امام الحق 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کپتان بابر اعظم عبداللہ شفیق کا ساتھ دینے آئے۔ 110 کے مجموعے پر عبداللہ شفیق 58 رنز کی اننگز کھیل آؤٹ ہوگئے۔

عبداللہ شفیق کے بعد محمد رضوان عجلت میں نظر آئے، 10 گیندوں پر 8 رنز بنانے کے بعد 120 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم اور سعود شکیل کے درمیان چوتھی وکٹ پر 43 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔ سعود شکیل 25 رنز بنا کر 163 پر آؤٹ ہوئے۔

پانچویں وکٹ پر بابر اعظم نے شاداب خان کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا۔ اس وکٹ پر بھی 43 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔

اس دوران بابر اعظم نے اپنے کیریئر کی 30ویں نصف سنچری مکمل کی، تاہم انتہائی سست کھیلتے ہوئے 74 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

چھٹی وکٹ پر شاداب خان اور افتخار احمد کے درمیان 73 رنز کی پارٹنر شپ بنی، دونوں آخری اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے، دونوں نے 40، 40 رنز کی اننگز کھیلیں۔

افغان بلے بازوں کی نڈر بیٹنگ

افغانستان ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں شاندار کھیل پیش کیا رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے 130 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٌپاکستان کی شکست کی بنیاد رکھ دی۔ شاہین آفریدی نے رحمان اللّٰہ گرباز کو 63 رنز رنز پر آؤٹ کیا تو اس وقت بہت دیر ہوچکی تھی۔

افغانستان کو دوسرا نقصان ابراہیم زادران کی صورت میں 190 پر اٹھانا پڑا۔ ابراہیم نے بھی 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

ہدف کو قریب پاکر افغان بیٹرز نے احتیاط سے رنز بنانے شروع کئے۔ اور مقررہ اوورز سے پہلے ہی ہدف حاصل کرلیا۔۔

پاکستان