معروف سابق بھارتی آل راؤنڈر یوسف پٹھان نے سیاسی میدان میں قدم رکھ دیا ہے۔ وہ مودی کی مخالف سیاسی جماعت ترنمول کانگریس میں نا صرف شامل ہوگئے ہیں بلکہ وہ رواں برس الیکشن بھی لڑ رہے ہیں۔
پاکستان کی طرح رواں برس بھارت میں بھی عام انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتیں لوک سبھا (ایوان زیریں) کے لئے اپنے اپنے امیدواروں کا اعلان کررہی ہیں۔
بھارتی ریاست مغربی بنگال میں گزشتہ 15 برسوں سے برسر اقتدار سیاسی جماعت ترنمول کانگریس نے اپنے 42 امیدواروں کی فہرست (ٹی ایم سی امیدواروں کی فہرست) جاری کی ہے۔
اعلان کردہ فہرست میں جہاں کئی سینیئر ارکان پارلیمنٹ کے نام شامل نہیں وہیں کئی نئے نام بھی نظر آ رہے ہیں۔ جس میں ایک نام سابق کرکٹر یوسف پٹھان کا بھی ہے۔ جن کو ترنمول کانگریس نے بہرام پور سے ٹکٹ دیا ہے۔
ٹکٹ ملنے کے بعد یوسف پٹھان کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے پارٹی کی سربراہ ممتا بنرجی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ایکس (سابق ٹوئٹر ) پر یوسف پٹھان نے کہا کہ میں ہمیشہ ممتا بنرجی کا شکر گزار رہوں گا کہ انہوں نے ٹی ایم سی خاندان میں میرا استقبال کیا اور مجھے پارلیمنٹ میں عوام کی آواز بننے کی ذمہ داری سونپی۔ عوامی نمائندہ ہونے کے ناطے غریبوں اور محروموں کو آگے بڑھانا ہمارا فرض ہے۔ اور مجھے امید ہے کہ میں اپنا فرض بخوبی نبھاؤں گا۔
سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے بھی نے اپنے بھائی کو سیاست میں آنے کے فیصلے پر مبارکباد دی ہے۔ اس نے ایکس پوسٹ میں لکھا، آپ (یوسف پٹھان)کا تحمل، عاجزی اور لوگوں کی مدد کرنے کا جذبہ کسی سرکاری عہدے کے بغیر بھی لوگوں کو نظر آتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ایک بار جب آپ سیاسی کردار میں قدم رکھیں گے تو آپ لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لائیں گے۔