اہم ترین

عزمِ استحکام آپریشن نہیں عدمِ استحکام آپریشن ہے : مولانا فضل الرحمان

جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایپکس کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا عزمِ استحکام آپریشن، عدم استحکام آپریشن ہے جو پاکستان کو مزید کمزور کرے گا۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کیا ہم نے اس لیے پاکستان حاصل کیا تھا کہ اس پاکستان میں ہم جرنیلوں کی غلامی کریں گے اور جانوروں کی طرح وہ ہمیں جس طرف ہانکیں گے ہم اسی طرف جائیں اور جو چارہ وہ ہمیں ڈالیں گے وہی ہم قبول کریں گے۔

انہوں نےکہا کہ ماضی میں کئے گئے آپریشن کے نتائج کو دیکھا جائے تو معلوم ہوجائے گا کہ آج ہم کہاں کھڑے ہیں، چپے چپے پر ہماری فوج موجود ہے، اس کے باوجود وہ کیوں بے بس ہو گئی ہے؟خیبرپختونخوا میں پولیس سورج غروب ہونے کے بعد اپنے تھانوں میں بند ہو جاتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب کسی اجلاس میں وردی والا موجود ہو گا تو فیصلہ وردی والا کرے گا یا باقی لوگ کریں گے؟شہباز شریف خوشی سے ذمہ داری قبول کرے گا، لیکن وہ وزیرِ اعظم نہیں۔ بس کرسی پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایک آئینی کرسی سنبھالی ہے سو وہ اسی پر خوش ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ جمہوریت اور پارلیمان اپنا مقدمہ ہار چکی ہے اور ان کے خلاف مسلح تنظیمیں اور بغاوتیں اپنا مؤقف تسلیم کروا رہی ہیں۔ بے اعتدالیوں نے ہمیں یہاں تک پہنچایا ہے ۔

پاکستان