بانی تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ میں کوئی فرق نہیں
اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرینس کی سماعت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی تحریک انصاف نے کہا کہ پی ٹی آئی کا چیئرمین، وائس چیئرمین اور صدر پہلے سے ہی جیل میں تھے، پھر بھی کہتے ہیں کہ پارٹی پر پابندی لگائیں گے، کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی جمہوریت کا قتل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ میں کوئی فرق نہیں۔ یہ ایک ہی ہیں دونوں فارم 47 کی پیداوار ہیں۔ تحریک عدم اعتماد سمیت کسی بھی مسئلے پر پیپلز پارٹی سے کوئی بات نہیں ہوگی۔
عمران خان نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے پیپلز پارٹی سے بات تو اس وقت ہوگیئ جب مجھے اقتدار چاہیے ہو۔ میں ساری زندگی جیل میں بیٹھنے کوتیار ہوں۔ اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے سے متعلق باتیں بے بنیاد ہیں۔
مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ وہ کہتی ہیں کہ ججز ٹھیک نہیں،ججز تب ٹھیک تھے جب ان کے کیسز ختم کیے گئے؟سپریم کورٹ کے فیصلہ کے باوجود اگر پی ٹی ائی کو اسمبلیوں میں مخصوص سیٹیں نہ ملیں تو الیکشن کمیشن پر آرٹیکل چھ لگنا چاہیے۔
ملک کی موجودہ معاشی صورت حال پر عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکمران اپنے اخراجات کم کرنے کو تیار نہیں اور عوام سے قربانی مانگتے ہیں۔ آصف زرداری نے کس حیثیت میں ایوان صدر کا بجٹ بڑھا کر 88 کروڑ روپے کر دیا۔