بنگلا دیش نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان کو سیریز میں کلین سوئپ کرکے تاریخی فتح حاصل کی ہے۔
دوسرے ٹیسٹ کے آخری دن مہمان ٹیم نے 185 رنز کا ہدف صرف چار وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔
پانچویں دن کی صبح کھیل کا آغاز ہوا تو بنگلہ دیش کا اسکور بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 42 رنز تھا۔ پاکستان کو پہلی وکٹ 58 کے سکور پر ملی جب میر حمزہ کی گیند پر ذاکر حسین کلین بولڈ ہوگئے۔
پاکستان کو دوسری کامیابی 70 رنز پر ملی جب شادمان اسلام 24 کے انفرادی اسکور پر خرم شہزاد کی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد گرین شرٹس کے فیلڈرز نے یکے بعد دیگرے کیچ ڈراپ کر کے بنگلہ دیشی بیٹرز کو سہارا دے دیا۔کپتان نجم الحسین شانتو اور مومن الحق کے درمیان 57 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
پاکستان کو تیسری وکٹ نجم الحسین شانتو کی ملی جو 38 رنز بنا کر سلمان علی آغا کی گیند پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بنگلا دیشی ٹیم کو چوتھا نقصان ہدف سے 32 رنز کی دوری پر ہوا جب مومن الحق 34 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ اس کے بعد کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا۔
بنگلہ دیش پہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ یہ پاکستان ٹیم نے ٹیسٹ فارمیٹ میں لگاتار پانچویں ہار سمیٹی۔ اسے مسلسل دو ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ ہوئی ہے۔