اہم ترین

زمین کو ایک اور چاند ملنے والا ہے

سائنسدانوں نے ہماری زمین کو ایک اور چاند ملنے کی نوید سنادی لیکن ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ یہ چاند زیادہ عرصہ ہمارے ساتھ نہیں رہے گا۔

ناسا کی مالی اعانت سے جنوبی افریقا میں اجرام فلکی پر تحقیق کرنے والے ادارے ایسٹرائیڈ ٹیرسٹیریل امپیکٹ لاسٹ الرٹ سسٹم (اٹلس) کے مطابق ستمبر کے آخر سے ایک چھوٹا سیارچہ ہماری زمین کے گرد چاند کی طرح چکر لگانے لگے گا ۔

ماہرین فلکیات نے اس سیارچے کا نام پی ٹی 5 ۔ 2024 کا نام دیا ہے۔ اس کا تعلق سیارچوں اور شہابیں کے ارجنا بیلٹ سے بتایا جارہا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ زمین کی کشش ثقل چھوٹے چاند کو اپنی طرف کھینچ لے گی۔ اس طرح 29 ستمبر سے 25 نومبر تک صرف دو ماہ کے لیے ہمارا دوسرا چاند ہوگا۔ اور گھوڑے کی نالی کی شکل میں زمین کے گرد چکر لگائے گا۔

ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ اربوں سال سے ہماری زمین کے مدار میں سیارچوں اور شہابیوں کی آمد کا سلسلہ لگا رہتا ہے، لیکن یہ اجسام چناد کی طرح عام طور پر مکمل گردش نہیں کر پاتے اور ہمارے مدار سے نکل جاتے ہیں۔

سائنسدانوں کے مطابق پی ٹی 5 ۔ 2024 نومبر میں ہماری زمین کے مدار سے نکلنے کے بعد ایک مرتبہ پھر 2055 میں واپس آئے گا۔ پی ٹی 5 ۔ 2024 انسانی آنکھ یا عام دوربین سے نظر نہیں آئے گا ۔ اس چھوٹے چاند دیکھنے کے لئے پیشہ ورانہ فلکیاتی آلات درکار ہوں گے۔

میڈریڈ یونیورسٹی کے پروفیسر اور سرکردہ محقق کارلوس ڈی لا فوینٹے مارکوس نے ننھے چاند کا سراغ لگایا ہے ۔

کارلوس ڈی لا فوینٹے مارکوس کہتے ہیں کہ پی ٹی 5 ۔ 2024 زمین سے تقریباً 28 لاکھ میل کے فاصلے تک پہنچ جائے گا تو اس کی رفتار تقریباً 2200 میل فی گھنٹہ تک کم ہوجائے گی، جس سے ہماری زمین اسے اپنی جانب کھینچنے کے قابل ہوسکے گی۔

پاکستان