لبنان بھر میں اسرائیلی حملے جاری ہیں جب کہ حزب اللہ بھی بھرپور مزاحمت کررہی ہے۔
فرانس 24 کے مطابق اسرائیلی فوج لبنان کے دارالحکومت بیروت سمیت ملک بھر میں حزب اللہ کے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنارہی ہے جس کے علاوہ جنوبی لبانن میں بھی صیہونی بربریت جاری ہے۔
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی جانب سے گزشتہ ہفتے سے جاری حملوں میں اب تک 1974 افراد شہید ہوچکے ہیں۔ ان میں 127 بچے بھی شامل ہیں۔ گزشتہ 3 روز میں ایمبولینسوں اور فائر بریگیڈ کے شعبوں میں کام کرنے والے 40 رضاکار بھی جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس اذانوم گیبریئس کا کہنا ہے کہ لبنان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 28 ہیلتھ ورکرز مارے گئے ہیں جب کہ درجنوں سے کوئی رابطہ نہیں ہوپارہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ادارہ صحت پروازوں کی پابندیوں کی وجہ سے جمعہ کے روز لبنان کو صدمے اور طبی سامان کی ایک بڑی منصوبہ بند کھیپ پہنچانے کے قابل نہیں۔
اسرائیل نے جمعرات کو حزب اللہ کے انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ جواب میں حزب اللہ گروپ نے خلیج حیفا میں اسرائیل کے “سخانین اڈے” کو راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے۔
گزشتہ سال کے دوران حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جھڑپوں کے دوران پہلی مرتبہ لبنانی فوج نے اسرائیل کو بھرپور جواب دیا ہے۔
لبنانی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی دشمن کی جانب سے جنوب میں بنت جبیل کے علاقے میں ایک فوجی چوکی کو نشانہ بنایا گیا۔ جس میں ان کا ایک فوجی جاں بحق ہوا ، چیک پوسٹ پر موجود اہلکاروں نے بھرپور جواب دیا ہے۔