اہم ترین

انٹرنیٹ بند کرنے کا نا شوق ہے اور نا فائدہ لیکن قومی سلامتی سے آگےکچھ نہیں: وزیر مملکت آئی ٹی

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ کا کہنا ہے کہ حکومت کو انٹرنیٹ بند کرنے کا نا تو کوئی شوق ہے اور نہ ہی فائدہ لیکن قومی سلامتی سے آگے کچھ نہیں ہے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ ٹیکنالوجی کو استعمال کریں اور بڑے پیمانے پر انٹرنیٹ بند نہ کریں۔

قومی اسمبلی میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ اس بات سے انکار نہیں کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران انٹرنیٹ صارفین کو چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ وہ انٹرنیٹ صارفین کو پیش آنے والی مشکلات پر معذرت خواہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ حقیقت جان لینی چاہیے کہ ملک کے سیکیورٹی معاملات آئی ٹی کی جانب منتقل ہورہے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ ہمیں سائبر سکیورٹی بہتر کرنی پڑے گی۔ ہمیں سائبر حملے اور ڈیٹا کو لیک ہونے سے بچانے کے لیے اقدامات اٹھانے ہیں۔

وزیر مملکت پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں سال اکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار تکنیکی بنیادوں پر اوسطاً 28 فیصد بہتر ہوئی ہے جب کہ موبائل انٹرنیٹ کے استعمال میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر حال میں اس ملک کی آئی ٹی کو سپورٹ کرنا اور اس کے فروغ سے متعلق مواقع پیدا کرنا ہے، اس پر کبھی ہم نے نا تو سمجھوتہ کیا ہے، نہ کریں گے۔ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں انٹرنیٹ آئی ٹی برآمدات کی سال در سال بہتری 33 فی صد ہے۔ ہر ایک کے لیے سمارٹ فون کی پالیسی کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

پاکستان