اہم ترین

عمران خان آکسفورڈ کی چانسلرشپ کی دوڑ سے باہر

برطانوی یونیورسٹی آکسفرڈ نے اپنے نئے چانسلر کے لیے 38 امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے اور اس میں عمران خان کا نام شامل نہیں۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے لیے 40 امیدواروں نے کاغزات جمع کرائے تھے۔ جن میں عمران خان سمیت کم از کم 6 پاکستانی شامل تھے۔

آکسفرڈ یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چانسلر کے انتخاب کے لیے ’اوپن ایپلیکیشن پراسیس‘ استعمال کیا گیا تاکہ مختلف پس منظر والے امیدوار سامنے آ سکیں۔

بانی تحریکِ انصاف کی جانب سے درخواست مقررہ مدت کے آخری دن 18 اگست 2024 کو زلفی بخاری کے توسط سے جمع کرائی گئی تھی۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق چانسلر الیکشن کمیٹی نے تمام درخواستوں کو یونیورسٹی کے ضوابط کے تحت طے شدہ معیار پر پرکھا جس کے بعد 16 اکتوبر کو 38 امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی اور اس میں عمران خان کا نام شامل نہیں ہے۔

یونیورسٹی آکسفرڈ چانسلر کا عہدہ روایتی اور علامتی نوعیت کا ہوتا ہے ، لیکن وہ یونیورسٹی کا سفیر کا درجہ رکھتا ہے ۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری، اہم تقریبات کی صدارت، فنڈ جمع کرنے اور مقامی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر یونیورسٹی کی نمائندگی میں چانسلر کا کردار اہم ہے۔

چانسلر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل 28 اکتوبر سے شروع ہو گا اور دنیا بھر سے ڈھائی لاکھ سے زیادہ اہل ووٹر چانسلر کا انتخاب کر سکیں گے۔

پاکستان