اہم ترین

مسلح افواج کے سربراہان کی مدت ملازمت بڑھا کر 5 سال کرنے کا بل منظور

قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 34 کرنے اور مسلح افواج کے سربراہان کی مدت ملازمت بڑھا کر 5 سال کرنے کے بل کثرت رائے سے منظور کرلیے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد بڑھانے کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا تو اپوزیشن کی جانب سے شدید ہنگامہ آرائی کی گئی۔

پی ٹی ۤئی کے حمایت یافتہ ارکان اسمبلی نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا ، بل کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ اسی دوران اسمبلی نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی بل 2024 منظور کرلیا۔نئے بل کے تحت سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 17 سے بڑھا کر 34 کی جائے گی۔

جس کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان آرمی ایکٹ 1952، پاکستان نیول ایکٹ 1961 اور پاکستان ایئر فورس ایکٹ 1953 میں ترمیم کے بل ایوان میں پیش کئے ۔

ترمیم کے مطابق تمام سروسز چیفس کی مدت ملازمت 5 سال ہوگی۔ پاک فوج میں جنرل کی ریٹائرمنٹ کے قواعد کا اطلاق آرمی چیف پر نہیں ہوگا، تعیناتی، دوبارہ تعیناتی یا ایکسٹینشن کی صورت آرمی چیف بطور جنرل کام کرتا رہے گا۔

قومی اسمبلی میں منظور کرائے گئے بلوں کو آج دوپہر وفاقی کابینہ میں پیش کیا گیا تھا۔ کابینہ کی جانب سے حتمی منظوری ملنے کے بعد اسے قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا۔

پاکستان