بالی ووڈ اداکار سیف علی خان ممبئی میں اپنے گھر میں گھسنے والے ایک شخص کے چاقو سے حملے میں زخمی ہوگئے ہیں۔ نجی اسپتال میں ان کا علاج جاری ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے علاقے باندرا میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات ایک نامعلوم شخص اداکار سیف علی خان کے گھر میں داخل ہوا اور ملازمہ سے جھگڑنے لگا۔ جب اداکار نے مداخلت کرکے اس شخص کو سمجھانے کی کوشش کی تو اس نے سیف علی خان پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ممبئی پولیس کے ڈی سی پی نے بتایا کہ ایک نامعلوم شخص اور سیف علی خان کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔ جس مین اداکار زخمی ہو گئے ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔
سیف علی خان کی ممبئی کے معروف اسپتال لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اسپتال انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ سیف علی خان کی سرجری ابھی جاری ہے۔ اس حملے میں سیف علی خان زخمی ہوئے ہیں۔ اس کی گردن کے پچھلے حصے اور بائیں ہاتھ پر 10 سینٹی میٹر کٹ کا نشان ہے۔ سیف علی خان کے اہل خانہ نے مداحوں سے دعا کی اپیل کی ہے۔