بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی میزبانی میں بھارت کے مقبول ترین رئیلٹی شو کا سیزن 18 کامیابی کے ساتھ ختم ہوگیا ہے۔گرینڈ فائنل کے سیٹ پر کئی مشہور شخصیات پہنچیں۔ اکشے کمار بھی اپنی آنے والی فلم ‘اسکائی فورس’ کی تشہیر کے لیے ‘بگ باس 18’ کے سیٹ پر گئے۔ لیکن سلمان خان نے آنے میں دیر کردی اور اکشے شوٹنگ کے بغیر ہی واپس آگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اکشے کمار کے ستارے آج کل گردش میں ہیں۔ ان کی یکے بعد دیگرے تمام فلمیں فلاپ ہورہی ہیں۔ ایسے مین وہ اپنی نئی فلم اسکائی فورس کی تشہیر میں شرکت کے لئے سلمان خان کے مقبول ترین ٹی وی شو بگ باس سیزن 18 کے گرینڈ فائنلمیں شرکت کرنا چاہتے تھے۔
اکشے کمار اپنے مقررہ وقت پر ‘بگ باس 18’ کے سیٹ پر شوٹنگ کے لیے پہنچے، لیکن سلمان تب تک نہیں پہنچے تھے۔ اکشے نے سلمان کا ایک گھنٹے تک انتظار کیا لیکن ان کے شیڈول میں جولی ایل ایل بی 3 کی آزمائشی اسکریننگ تھی۔ چنانچہ انتظار کے بعد اکشے کمار شو کی شوٹنگ کیے بغیر ہی واپس آگئے۔ تاہم ویر پہاڑیا سیٹ پر ہی رہے اور شوٹنگ بھی مکمل کی۔
سلمان خان نے اکشے کمار کو فون کیا اور شوٹنگ کے بغیر واپس آنے کی وجہ پوچھی۔ جواب میں کھلاڑی اداکار نے بتایا کہ جولی ایل ایل بی 3 کی اسکریننگ کے لیے انھیں دیر ہو رہی ہے اور اسی وجہ سے انھیں سیٹ چھوڑ کر واپس آنا پڑا۔
اکشے کمار کی فلم ‘اسکائی فورس’ 24 جنوری کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ اس فلم میں ان کے ساتھ ویر پہاڑیا، سارہ علی خان اور نمرت کور بھی نظر آئیں گی۔