امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات کے بعد امریکہ نے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف ایک بڑی مہم کے حصے کے طور پر بڑے پیمانے پر ملک بدری شروع کر دی ہے جن میں ہزاروں کی تعداد میں بھارتی بھی شامل ہیں۔
رائیٹرز کے مطابق امریکا سے فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ بھارت روانہ ہوا ہے جس میں بڑی تعداد میں بھارتی موجود ہیں۔ یہ تمام بھارتی امریکا میں غیر قانونی طور پر میقم تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بطور امریکی صدر ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم بھارتیوں کی امریکا سے پہلی بے دخلی ہے۔
اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے غیر قانونی تارکین وطن بھارتیوں کے معاملے پر تبادلہ خیال بھی کیا تھا ۔
بھارت نے غیر قانونی تارکین وطن کو واپس لینے پر رضامندی ظاہر کی تھی اور تقریباً 18000 غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کی بات کی تھی۔
غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف اس مہم میں ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی فوج سے بھی مدد مانگی ہے۔ اس کے لیے امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں اور تارکین وطن کو رکھنے کے لیے فوجی اڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
غیر قانونی تارکین وطن کو واپس بھیجنے کے لیے فوجی طیارے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ اس کے تحت تارکین وطن کو گوئٹے مالا، پیرو اور ہونڈوراس جیسے ممالک میں ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔