پاکستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) کو ملکی خوشحالی کے اہم قرار دیتے ہوئے اس کی حمایت کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والے پاک چین مشاورتی میکنزم اجلاس میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ عالمی امور کے وزیر لیو جیان چاؤ وفد کے ہمراہ شریک ہوئے جبکہ ملک کی نمایاں جماعتوں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، ایم کیو ایم پاکستان اور جمعیت علما اسلام کے قائدین نے شرکت کی۔
لیو جیان چاؤ نے اجلاس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے اداروں اور سیاسی جماعتوں کو مل کر چلنا ہے، ترقی کے اہداف کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔پاکستان اور چین کے درمیان معاشی معاہدوں سے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اجلاس میں شریک پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر سید علی ظفر نے کہا کہ سی پیک پاک چین دوستی کا ثبوت ہے، ہمیں اسے کامیاب بنانا ہے، بہت وقت گزر چکا ہے، ہم نے پیش رفت دیکھی ہے مگر وہ آہستہ ہے۔ ہمیں امید ہے کہ اس میں تیزی آئے گی۔
نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے ابتدائی کلمات میں کہا کہ سی پیک نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ملک کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کے علاوہ سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں نے روزگار کے سیکڑوں نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد کی۔