سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد میٹا نے انسٹاگرام پر میڈ ود اے آئی لیبل کو اے آئی انفو میں تبدیل کر دیا ہے۔
امریکی ویب سائیٹ ٹیک کرنچ کے مطابق چند روز قبل میٹا سے انسٹاگرام پر میڈ ود اے آئی کا لیبل ہٹا کر اے آئی انفو کردیا ہے۔ اس کے علاوہ میٹا نے اعتراف بھی کیا کہ میڈ ود اے آئی کا لیبل صارفین کی توقعات پر پورا نہیں اترا۔ اسی وجہ سے لیبل بدلنے کا فیصلہ کیا گیا۔
لیبل کو تبدیل کرنے کے بعد کمپنی کو امید ہے کہ نیا لیبل لوگوں کو اے آئی کی مدد سے بنائی گئی تصاویر اور ویڈیوز کو سمجھنے میں مدد دے گا۔
تنقید کا نشانہ کیوں بنایا گیا؟
میٹا کے اے آئی ٹول پر تنقید اس وقت شروع ہوئی جب معروف شخصیات اور فوٹوگرافرز نے الزام لگایا کہ میڈ ود اے آئی کے عنوان سے اے آئی ٹول نے ان کے بنائے گئے اصلی مواد کو اے آئی سے تیار کردہ مواد کے طور پر غلط طریقے سے پیش کیا۔ اس غلطی کو بعد میں میٹا نے قبول کر لیا اور میڈ ود اے آئی کا لیبل اے آئی انفو سے بدل دیا ہے۔
لیبل کے ساتھ دیگر تبدیلیاں
میڈ ود اے آئی کو اے آئی انفو سے بدلنے کے علاوہ میٹا نے اس میں کچھ تبدیلیاں بھی کی ہیں۔ صارفین اب مزید معلومات کے لیے اس پر ٹیپ کرکے اے آئی انفو کھول سکیں گے، جس کے بعد ایک شیٹ کھلے گی، جس میں لکھا ہوگا کہ اس پوسٹ کو بنانے کے لیے جنریٹو اے آئی کا استعمال کیا گیا ہے۔ یہ اپ ڈیٹ ان لوگوں کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگی جو جنریٹو اے آئی کے بارے میں کچھ نہیں جانتے۔ جلد ہی صارفین انسٹاگرام پر AI کی معلومات دیکھنا شروع کر دیں گے۔
اے ائی لیبلنگ بہتر بنانا
میٹا نے کہا کہ وہ دنیا بھر کی کمپنیوں کے ساتھ اے آئی پر کام جاری رکھیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہ ان کے خیال سے بہتر کام کرے۔ فی الحال اے آئی انفو لانے کا اصل مقصد صارفین کو ڈیپ فیک مواد اور اے آئی مواد میں ہیرا پھیری کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔