اہم ترین

کلکی 2898 اے ڈی کی دھوم: ‘پٹھان’ کا ریکارڈ توڑ دیا

بالی ووڈ فلم کلکی 2898 اے ڈی بڑے پردے پر بڑی دھوم مچارہی ہے۔ بزنس کے معاملے میں فلم نے گزشتہ برس شاہ رخ خان کی ریلیز فلم پٹھان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

گزشتہ 9 روز سے پربھاس، امیتابھ بچن اور دیپیکا پڈوکون کی ‘کالکی 2898 اے ڈی’ باکس آفس پر چھائی ہوئی ہے۔

600 کروڑ بھارتی روپے کے بجٹ سے بنی ‘کالکی 2898 اے ڈی’ پانچ زبانوں میں 27 جون کو سب سے بڑی پری سیل ریکارڈ کے ساتھ ریلیز ہوئی۔ اس فلم کو شائقین کی جانب سے زبردست رسپانس مل رہا ہے۔ یہ فلم ریلیز کے پہلے دن سے ہی باکس آفس پر بھاری کمائی کر رہی ہے اور کئی ریکارڈ بھی اپنے نام کر چکی ہے۔

پربھاش اسٹارر ‘کالکی 2898 اے ڈی’ اس سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔ فلم کی مقبولیت کا عالم یہ ہے کہ ریلیز کے پہلے ہی روز ‘کالکی 2898 اے ڈی’ نے صرف بھارت میں 95.3 کروڑ روپے کی کمائی کی۔

فلم نے ریلیز کے 9 دنوں میں صرف بھارت میں 432 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی ہے۔ فلم نے تیلگو میں 218.25 کروڑ روپے، تامل میں 24.1 کروڑ روپے، ہندی میں 171.85 کروڑ روپے، کنڑ میں 3 کروڑ روپے اور ملیالم میں 14.9 کروڑ روپے کمائے ہیں۔

‘کالکی 2898’ نے باہوبلی کا ریکارڈ توڑ دیا۔

‘کالکی 2898 اے ڈی’ کی کمائی میں اب بتدریج کمی آرہی ہے، لیکن اس فلم نے پربھاس کی 2015 میں ریلیز ہونے والی باہوبلی 2 (421 کروڑ) کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

اس کے علاوہ ‘کالکی 2898 اے ڈی’ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلموں کی فہرست میں 8ویں نمبر پر آ گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ‘کالکی 2898 AD’ نے پٹھان کے نویں دن کے مجموعہ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ جہاں ‘کالکی 2898 اے ڈی’ نے نویں دن 17 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی ہے، وہیں نویں دن پٹھان کی کمائی 15 کروڑ روپے تھی۔

پاکستان