اہم ترین

طوفان الاقصیٰ کے ماسٹر مائنڈ یحیٰ سنوار حماس کے سیاسی ونگ کے نئے سربراہ مقرر

حماس نے گزشتہ برس 7 اکتوبر کو اسرائیل کے خلاف آپریشن طوفان الاقصیٰ کے ماسٹر مائنڈ یحیٰ سنوار کو اپنے سیاسی ونگ کا نیا سربراہ منتخب کرلیا ہے۔

حماس کی جانب سے جاری مختصر بیان کے مطابق اسلامی مزاحمتی تحریک نے شہید اسماعیل ہنیہ کے بعد کمانڈر یحییٰ سنوار کو تحریک کے سیاسی بیورو کے سربراہ منتخب کرلیا ہے۔

61 سالہ یحیٰ سنوار کو اسرائیل کے خلاف گزشتہ برس 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیلی علاقے کے اندر ہونے والے حملے کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے، اس آپریشن میں 1100 سے زائد اسرائیلی ہلاک اور 200 سے زائد دیگر کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔

آپریشن طوفان الاقصیٰ کے بعد اسرائیل نے غزہ میں اپنی فوجی مہم کے دوران 40,000 فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔ جام شہادت نوش کرنے والوں میں دو تہائی خواتین اور بچے ہیں۔

غزہ میں اس وقت 23 لاکھ فلسطینی بے گھر ہیں۔ وہ لوگ بڑے پیمانے پر غذائی قلت اور صحت کی ہنگامی صورتحال کے ساتھ خوفناک انسانی بحران کا شکار ہیں۔

پاکستان