اہم ترین

نواز شریف کا پنجاب میں بجلی صارفین کو 14 روپے فی یونٹ ریلیف کا اعلان

مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پنجاب میں 500 یونٹ ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 14 روپے فی یونٹ ریلیف دینے کا اعلان کردیا۔

لاہور میں مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران نواز شریف نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ عوام مہنگائی اور بجلی کے بلوں کے باعث کس کرب سے گزر رہے ہیں۔ وہ عوام کا کرب محسوس کرتے ہیں۔ 2017 میں بجلی کا جو 1600 روپے آتا تھا وہ اب 18 ہزار کا ہوگیا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ ہم نے چار سال ڈالر کو ایک قیمت (104 روپے) پر رکھا۔ پھر چند ججوں نے بیٹے سے 10 ہزار درہم تنخواہ نہ لینے پر مجھے نکال دیا۔ میں آج بھی پوچھتا ہوں مجھے کیوں نکالا۔عمران خان کیسے اقتدار میں آئے؟

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انہیں سازش کے تحت نہ نکالا جاتا تو ہم آج کوئی نہ کوئی مقام حاصل کر چکے ہوتے۔ انہیں اقتدار کا شوق نہیں مگر عوام سے درخواست ہے کہ ان لوگوں کے دھوکے میں نہ آئیں۔

نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف منصوبوں سے 45 ارب روپے نکال کر عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ پنجاب میں اگست اور ستمبر کے بلوں میں پانچ سو یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کو 14 روپے فی یونٹ ریلیف دیا جائے گا۔ اس کے لئے مختلف منصوبوں سے 45 ارب روپے نکال کر عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔

پاکستان