اہم ترین

ارشد ندیم کی کھیل تماشا نیوز سے خصوصی گفتگو، نوجوانوں کو بڑا مشورہ

فخر پاکستان ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ نوجوان جس شعبے میں قدم رکھیں اس میں کامیابی کے لئے ثابت قدمی اور مستقل مزاجی سے آگے بڑھیں۔ اللہ تعالیٰ راستے خود ہی بناتا ہے۔

کھیل تماشا نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران ارشد ندیم نے کہا ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ۔ نہ ہی انہیں سیاست میں آنے کا شوق ہے۔

پیرس اولمپکس کے آخری راؤنڈ میں ارشد ندیم کی پہلی تھرو کو خارج قرار دے دیا گیا تھا لیکن ان کی دوسری تھرو اولمپکس کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ یہ تھرو 92.97 میٹر طویل تھی۔ اولمپکس کی تاریخ میں آج تک کسی اتھیلیٹ نے اتنی دور جیولین نہیں پھینکا۔

اپنی کارکردگی کے حوالے سے ارشد ندیم نے کہا کہ جب انہوں نے جیولین پھینکی تو ہی انہیں اندازہ ہوگیا تھا یہ بہت لمبے فاصلے پر گئی ہے۔

گولڈ میڈلسٹ اولمپئن ارشد ندیم نے کہا کہ ان کی کارکردگی میں بھرپور پریکٹس اور خوراک کا بہت عمل دخل ہے۔ وہ مرغی نہیں کھاتے، ان کی خوراک میں سرخ گوشت (بیف) ہمیشہ شامل ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بچپن میں انہوں نے کرکٹ سمیت کئی کھیل کھیلے۔ اچھا کوچ ملنا ان کی خوش قسمتی ہے۔ ان کی صلاحیتوں کو کوچ نے پہچانا اور انہوں نے جیولین کی جانب راغب کیا۔

ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ہر شخص کی کامیابی کی کنجی اس کے ماں باپ کی دعا ہوتی ہے۔ ان کے ساتھ پوری پاکستانی قوم کی دعائیں تھیں۔ اس مقام تک ان دعاؤں نے ہی پہنچایا ہے۔

نوجوان نسل کو انہوں نے مشورہ دیا کہ انہیں کھیل کود سمیت کسی بھی میدان میں کامیاب ہونا ہے تو مستقل مزاجی سے آگے بڑھیں۔ کامیابی کی راہ میں کئی رکاوٹیں آتی ہیں لیکن اللہ راستے خود بتاتا ہے۔

پاکستان