بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار کے کیرئیر کے برے دن چل رہے ہیں۔ ان کی فلمیں مسلسل فلاپ ہورہی ہیں۔ رواں برس ان کی لگاتار 3 فلمیں فلاپ ہوچکی ہیں۔ جس پر اب انہوں نے اپنی نئی فلم اسکائی فورس کی ریلیز پر بریک لگادی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اکشے کمار کی نئی فلم اسکائی فورس رواں برس 2 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی تھی، لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔
پروڈیوسرز نے اسکائی فورس کو آئندہ برس کے لئے ملتوی کردیا ہے۔ اسے اب 24 جنوری 2025 کو بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا ۔
فلم بنانے والوں کا کہنا ہے کہ ایک حب الوطنی پر مبنی تفریحی فلم ہے۔ اس لئے یہ وقت فلم کے لئے موزوں ہے۔
اس سے پہلے کہا جارہا تھا کہ اسکائی فورس کا پرومو 15 اگست کو اسٹری 2 کے ساتھ دکھایا جائے گا ۔ کیونکہ اسکائی فورس اور اسٹری 2 کو ایک ہی پروڈکشن کمپنی نے بنیاہے۔ لیکن اکشے کمار اسٹارر فلم کو ملتوی کرنے کے فیصلے کے بعد ٹیزر دکھانے کا خیال بھی نکال دیا گیا۔
اس طرح اکشے کمار کی کوئی اور فلم 2024 میں ریلیز نہیں ہوگی۔ اس سال ان کی تین فلمیں بڑے میاں چھوٹے میاں، سرفیرا اور کھیل کھیل میں ریلیز ہوئی ہیں – کھیل کھیل میں، 15 اگست کو ریلیز ہوئی جو بری طرح ناکام ہوگئی۔
اسکائی فورس بھارتی یوم جمہوریہ کے ہفتے میں ریئلیز ہونے والی اکشے کمار کے کیرئیر کی چھٹی فلم ہوگی۔ یہ ہفتہ ان کے لیے خوش قسمت رہا کیونکہ ان کی تمام گزشتہ یوم جمہوریہ ریلیز کامیاب رہی ہیں ۔
اس سے پہلے ان کی پہلی فلم سوگندھ (1991) 25 جنوری کو ریلیز ہوئی تھی۔جس کے بعد اعلان (1994)، خاکی (2004)، بے بی (2015) اور ایئر لفٹ (2016) باکس آفس پر کامیاب رہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اسکائی فورس بھی اس روایت کو جاری رکھتی ہے یا نہیں۔