اہم ترین

استری 2 نے اینیمل کا ریکارڈ توڑ دیا، اب باہوبلی 2، پٹھان اور غدر 2 کی باری

گزشتہ ماہ ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم استری 2 نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے ہیں۔ کمائی کے معاملے میں وہ گزشتہ 20 روز میں کئی سپر ہٹ فلموں کو پیچھے چھوڑ چکی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق استری 2 کی ریلیز کے وقت یہ کہا جارہا تھا کہ یہ فلم بہت کامیاب ثابت ہوگی ۔ یہ اشارہ فلم کے ابتدائی باکس آفس نتائج سے بھی ملا۔

فلم کی ریلیز کو لگ بھگ 20 دن ہوچکے ہیں اور ہر دن کے ساتھ استری 2 نئے ریکارڈ بنا اور پرانے ریکارڈ توڑ رہی ہے۔

بھارتی باکس آفس پر اکثر ایسی فلموں کا راج رہا ہے جو ہیرو کے نام سے چلتی رہی ہیں۔ لیکن استری 2 نے دکھایا ہے کہ اگر کہانی میں طاقت اور اداکاری میں کمال ہے تو پھر کسی چیز سے فرق نہیں پڑتا۔

استری 2 کو لگ بھگ 50 کروڑ بھارتی روپے کے بجٹ سے بنایا گیا۔ فلم نے دنیا بھر میں تقریباً 700 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے،، صرف بھارتی باکس آفس پر اس نے 500 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔

استری 2 اس سال ریلیز ہونے والی ہریتک روشن کی فائٹر اور اجے دیوگن کی شیطان کا ریکارڈ پہلے ہی توڑ چکی ہے۔ اگلا شکار رنبیر کپور اور بوبی دیول کی اینیمل بن گئی ہے۔

اینیمل نے بھارتی باکس آفس پر 20 دنوں میں تقریباً 502 کروڑ روپے کمائے تھے اور استری 2 نے 20 دنوں میں یہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اسٹری 2 نے بھارتی باکس آفس پر 20 دنوں میں تقریباً 506 کروڑ روپے جمع کر لیے ہیں۔

اب اگلا سنگ میل جو استری 2 کو عبور کرنا ہے وہ پربھاس کی باہوبلی 2 کا بھارتی باکس آفس مجموعہ ہے۔ بھارت میں باہوبلی 2 کا خالص مجموعہ 511 کروڑ روپے تھا۔ یہ ٹارگٹ استری 2 کے لیے بالکل مشکل نہیں لگتا۔

اس کے بعد شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کی باری آسکتی ہے۔ جس کا ہندوستانی باکس آفس کا خالص مجموعہ 524 کروڑ روپے تھا، جب کہ سنی دیول کی غدر 2 نے 525 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔

پاکستان