بالی ووڈ کی کامیاب فرنچائزز میں سے ایک ریس 4 کی چوتھی فلم ریس 4 کے اعلان نے توقعات بڑھا دی ہیں اور پھر ریس 4 میں سیف علی خان کی واپسی نے جوش دوبالا کر دیا ہے۔
ریس اور ریس 2 سیف علی خان کی کامیاب ترین فلموں میں شمار کی جاتی لہے لیکن 2018 میں ریلیز ہونے والی ریس 3 میں سلمان خان نے ان کی جگہ لے لی تھی۔ ریس کے شائقین کو تیسرا سیکیول زیادہ نہ بھایا۔ اب ریس 4 کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور اس میں تمام کردار ریس اور ریس 2 کے ہی شامل کئے گئے ہیں۔
ریس فرنچائز کی چاروں فلموں کے مصنف شیراز احمد نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ ریس 4 کی شوٹنگ جنوری (2025) میں شروع ہوگی۔ اسکرپٹ تقریباً مکمل ہے اور اسی طرح کاسٹنگ بھی۔ سیف علی خان اور سدھارتھ ملہوترا کی کاسٹنگ پہلے ہی میڈیا میں آ چکی ہے۔ باقی کاسٹ کا اعلان پروڈیوسر ٹپس فلمز مناسب وقت پر کرے گا۔
شیراز احمد نے کہا کہ ریس 4 کے ساتھ ہم پہلی دو فلموں کی دنیا میں واپس جانے والے ہیں۔ریس 3 نے باکس آفس پر اچھا بزنس کیا لیکن فلم کو تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ ریس 3 میں، ہم نے کرداروں کے معاملے میں ریس فرنچائز سے تھوڑا سا انحراف کیا تھا۔ لوگ ریس دیکھنے گئے تھے لیکن انہیں کچھ اور ہی دیکھنے کو ملا۔ اس فلم میں سلمان خان تھے۔ اس لیے آپ کو چند باتوں کو ذہن میں رکھنے کی ضرورت ہے۔ وہ منفی کردار ادا نہیں کرتا۔ بنیادی طور پر ان کے پرستار انہیں کبھی بھی منفی کردار میں نہیں دیکھنا چاہیں گے۔ اس لیے کچھ حدود پیدا کی گئیں۔ پھر بھی، ہم نے ہر ممکن کوشش کی۔
ریس فرنچائز کی پہلی دو فلموں کی ہدایت کاری عباس مستان کی جوڑی نے کی تھی۔ تیسری فلم کی ہدایت کاری ریمو ڈی سوزا نے کی۔ ریس 4 کے ڈائریکٹر کا ابھی تک انتخاب نہیں کیا گیا ہے۔