چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے 26 ویں آئینی ترمیم کی رو سے سپریم جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کمیشن میں جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین خان، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، پاکستان بار کونسل سے سینیئر وکیل اختر حسین، سینیٹر فاروق نائیک، سینیٹر شبلی فراز، قومی اسمبلی کے رکن شیخ آفتاب احمد، عمر ایوب خان اور خواتین نشست پر روشنی خورشید بروچہ پر مشتمل ہے۔
سپریم جوڈیشل کمیشن کے پہلے اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے سیکریٹریٹ کے قیام اور آئینی بینچز کے لیے ججز کی نامزدگی پر غور کیا جائے گا۔
جوڈیشل کمیشن کی ذمہ داریوں میں اعلیی عدلیہ میں ججوں کی تعیناتی ہوتی ہے۔ ماضٰ قریب میں یہ کمیشن اپنی نامزدگیوں کو 8 رکنی پارلیمانی کمیٹی کو بھیجتا تھا جو یہ نام وزیراعظم کو اور پھر وہ صدر کو ارسال کرتے تھے تاہم 26 ویں ترمیم کے بعد کمیشن اب اپنی نامزدگیوں کو براہ راست وزیر اعظم کو بھیجے گا جو انہیں تقرری کے لیے صدر کو بھیجیں گے۔