اہم ترین

کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ، جو کھو چکے اسے بھی دوبارہ لے لیں گے: امت شاہ کی ہرزہ سرائی

بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہرزا سرائی کی ہے کہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ تھا اور رہے گا۔ جو ہم کھو چکے ہیں اسے بھی جلد حاصل کریں گے۔

جموں-کشمیر اور لداخ کی بھارت سے تاریخی وابستگی سے متعلق کتاب کی رونمائی سے متعلق تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے نام لئے بغیر کہا کہ آزاد کشمیر بھی جلد بھارت کا حصہ ہوگا۔

امیت شاہ کا کہنا تھا کہ برطانوی دور میں لکھی گئی تاریخ کی تشریح غلط تھی۔ بھارت پوری دنیا میں ایک ایسا ملک ہے جو ثقافت سے جڑا ہوا ہے۔ اس ملک کی تشریح وہ لوگ نہیں کر سکتے جو ملک کو جیو پولیٹیکل نکتہ نظر سے دیکھتے ہیں۔ یوں سمجھ لیجئے کہ ملک میں جو فن، تجارت اور ثقافت ہزاروں سال میں پھیلی ہوئی ہے وہ آج بھی اس ملک کا ایک لازم و ملزوم حصہ ہے اور ہمیشہ رہے گی۔

بھارتی وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ مودی حکومت نے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کا کام کیا۔ اس 370 نے کشمیر میں دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کے بیج بوئے تھے۔ 370 کو ہٹانے کے بعد دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کئی بار لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ آرٹیکل 370 اور دہشت گردی کا آپس میں کیا تعلق ہے؟ وہ شاید نہیں جانتے کہ آرٹیکل 370 نے ہی وادی کے نوجوانوں کے ذہنوں میں علیحدگی پسندی کے بیج بونے کی کوشش کی۔ ملک کے کسی حصے میں دہشت گردی کیوں نہیں آئی

امیت شاہ نے کہا کہ آرٹیکل 370 سے یہ تاثر پھیلا کہ ہندوستان اور کشمیر کا تعلق عارضی ہے۔ اس سے علیحدگی پسندی کے بیج بوئے گئے اور پھر یہ دہشت گردی میں تبدیل ہو گیا۔ 40 ہزار سے زیادہ لوگ اس کا شکار ہوئے۔ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد دہشت گردی میں 70 فیصد سے زیادہ کی کمی آئی ہے۔ ثابت ہوتا ہے کہ 370 دہشت گردی کا ذریعہ تھا۔

پاکستان