بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان گزشتہ بارڈر گواسکر ٹرافی تنازعات سے بھری ہوئی تھی، اس دوران روہت شرما اور گوتم گمبھیر کے درمیان تعلقات خراب ہونے کی قیاس آرائیاں بھی منظر عام پر آئیں۔ لیکن اب پانی سر سے اوپر چلا گیا ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کی جائزہ میٹنگ میں گوتم گمبھیر نے کہا تھا کہ ڈریسنگ روم کی پرائیویٹ چیٹ میڈیا کو لیک کرنے والے شخص کا نام سرفراز خان ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف میلبورن ٹیسٹ میں شکست کے بعد گوتم گمبھیر نے تمام کھلاڑیوں کو دھمکی دی تھی۔ کہ کھلاڑی یا تو ان کی بات سنیں یا پھر ٹیم سے باہر بیٹھ جائیں۔ یہ خبر آسٹریلوی میڈیا میں بھی بحث کا مرکز بنی رہی۔
اب صورتحال یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر لوگ دعویٰ کر رہے ہیں کہ گمبھیر کی وجہ سے سرفراز خان کا کریئر ختم ہو جائے گا۔ جبکہ آسٹریلیا کے دورے پر انہیں ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔
ایک مداح نے لکھا کہ گوتم گمبھیر نے سرفراز خان پر چیزیں لیک کرنے کا الزام لگایا ہے۔ لیکن ان کی جائزہ میٹنگ کی تفصیلات بھی لیک ہو گئی ہیں، تو کیا گمبھیر اب کسی اور پر من گھڑت الزامات لگائیں گے؟
ایک شخص نے لکھا کہ ایک وقت میں ویرات کوہلی نے کرون نائر کا کریئر ختم کر دیا تھا، ایسا ہی کچھ اب گوتم گمبھیر سرفراز خان کے ساتھ کر رہے ہیں۔ ایک اور شخص نے لکھا کہ گوتم گمبھیر نے بارڈر گواسکر ٹرافی کی شکست پر تنقید سے بچنے کے لیے سرفراز کو پیادہ بنایا ہے۔
اب یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ جب تک گوتم گمبھیر کوچ رہیں گے، سرفراز خان کے اسکواڈ میں جگہ ملنے کے امکانات اور پلیئنگ الیون میں موقع تقریباً صفر ہے۔
سرفراز خان اب تک بھارت کی جانب سے 6 ٹیسٹ میچوں میں 371 رنز بنا چکے ہیں اور اس دوران انہوں نے ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں بھی اسکور کی ہیں۔