امریکا کی ریاست ٹیکساس میں سرکاری ڈیوائسز میں چینی مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشن ڈیپ سیک سمیت دیگر کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔۔
وائس آف امریکا کے مطابق ٹیکساس ڈیپ سیک پر پابندی لگانے والی امریکا کی پہلی ریاست بن گئی ہے۔ پابندی کے احکامات ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے جاری کیے ہیں۔
گریگ ایبٹ نے ڈیپ سیک کے علاوہ چین کی ایک اور مشہور ایپلی کیشن ‘شوانگ شو’ پر بھی سرکاری ڈیوائسز میں استعمال پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔ اس ایپلی کیشن کو امریکا میں ریڈ نوٹ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لیمن ایٹ’ نامی ایپلی کیشن پر بھی قدغن لگائی گئی ہے۔
اپنے بیان میں ٹیکساس کے گورنر نے کہا ہے کہ غیر ملکی دشمن عناصر سے ریاست کی حفاظت اور دفاع جاری رہے گا۔ ہم چین کی کمیونسٹ پارٹی کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ آرٹیفیشل انٹیلی جینس اور سوشل میڈیا ایپس کے ذریعے ڈیٹا جمع کرکے سرکاری انفراسٹرکچر میں در اندازی کرے۔
واضح رہے کہ ٹیکساس میں لیمن ایٹ نامی جس ایپلی کیشن پر سرکاری ڈیواسز میں استعمال پر پابندی لگائی گئی ہے وہ بھی ٹک ٹاک کی طرح بائٹ ڈانس ہی کی ایپلی کیشن ہے۔ اس ایپ کو بھی گزشتہ ماہ ٹک ٹاک کی بندش کے دوران امریکا میں پذیرائی ملی تھی۔