اہم ترین

ورلڈ کپ 2023؛ کیا  ویسٹ انڈیز کوالیفائی کرسکتا ہے؟

کالی آندھی کو سری لنکا اور زمبابوے سے شدید خطرہ ہے جو ٹاپ ٹو پوزیشنز حاصل کرنے کے لیے فیورٹ ہیں اور اس کے لیے کم از کم چار فتوحات ضروری ہیں۔

دو بار کے عالمی چیمپئن، ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو ہفتے کے دن ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کوالیفائرز کے گروپ مرحلے کے میچ میں زمبابوے کے ہاتھوں شکست ہو گئی۔ 269 رنز کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز 233 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور 33 رنز سے میچ ہار گئی۔

اس شکست نے ویسٹ انڈیز کے رواں سال اکتوبر تا نومبر میں شیڈول اہم عالمی ایونٹ کے لیے کوالیفائی کرنے کے امکانات کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔

اگرچہ ویسٹ انڈیز نے ورلڈ کپ کوالیفائرز یعنی سپر سکسز کے دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، لیکن دو بار کے چیمپئن کو ٹاپ ٹو میں جگہ نہ بنانے اور بالآخر 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہ کرنے کے شدید خطرے کا سامنا ہے۔

تاہم، ونڈیز کے لیے ابھی بھی امیدیں زندہ ہیں کیوں کہ ابھی ان کے چھ میچ باقی ہیں۔ ویسٹ انڈیز پہلے راؤنڈ میں اپنے آخری گروپ مرحلے کے میچ میں نیدرلینڈز سے مقابلہ کرے گی۔ اس کے بعد وہ سپر سکس مرحلے میں باقی پانچ ٹیموں کے ساتھ نبردآزما ہوں گے۔

ویسٹ انڈیز سپر سکس مرحلے کے ٹاپ ٹو میں کیسے پہنچ سکتا ہے؟

باقی چھ میچوں میں سے ویسٹ انڈیز کو سب سے زیادہ توجہ اپنے اگلے میچ پر دینی ہوگی اور نیدرلینڈز کو شکست دے کر سپر سکس مرحلے میں چار پوائنٹس اور اعلیٰ نیٹ رن ریٹ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ اس مطلوبہ نتیجے کے بعد ویسٹ انڈیز کو کم از کم چار میچ جیتنے پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی تاکہ کسی بے ترتیبی سے بچا جا سکے۔

ایسی صورت میں، دو بار کی چیمپئن ٹیم کے پاس 12 پوائنٹس ہوں گے اور اس کے پاس سپر سکس مرحلے کے اختتام کے بعد پوائنٹس ٹیبل کے ٹاپ ٹو میں شامل ہونے کا موقع بھی ہوگا۔ تاہم، کالی آندھی کو سری لنکا اور زمبابوے سے شدید خطرہ ہے جو ٹاپ ٹو پوزیشنز حاصل کرنے کے لیے فیورٹ ہیں۔

لیکن اگر ونڈیز ان میں سے کم از کم کسی ایک کو دوسرے تین حریفوں (جن میں آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ہالینڈ کے ہونے کا امکان ہے) کے ساتھ شکست دینے میں کامیاب ہو جائیں تو ان کے پاس کوالیفائی کرنے کا ٹھوس موقع ہوگا۔ چار سے کم فتوحات کی صورت میں ویسٹ انڈیز کے ون ڈے ورلڈ کپ کوالیفائی کے امکانات ماند پڑ جائیں گے۔

پاکستان