اہم ترین

بڑی عید پر بڑی خوشخبری، آئی ایم ایف سے پیسے ملنے کی امید

بڑی عید کے موقع پر  بڑی خوشخبری سامنےآگئی ہے۔ وزارت خزانہ  کے ذرایع نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں اور ممکنہ طور پر پاکستان کو اپنے کوٹے کے ڈھائی ارب ڈالر ملنے کی امید ہے۔

ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس ضمن میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈز کی جانب سےاگلے چند روز میں اعلان متوقع ہے ۔

یاد رہے کہ آئی ایم ایف کا ایکسٹینڈڈ فیسیلیٹی پروگرام  30 جون یعنی کل ختم ہو رہا ہے۔  اور اسٹینڈ بائی اریجمنٹ کے تحت پاکستان کو ڈھائی ارب ڈالر ملنے کی امید ہے۔

نئی شرائط پر عملدرآمد کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ ایک ارب بیس کروڑ ڈالر نواں اقتصادی جائزہ تکمیل کیلئے تیار ہے مگر حکومت چاہتی ہے کہ آئی ایم ایف سے پروگرام کی باقی ماندہ دو ارب ساٹھ کروڑ ڈالر کی پوری رقم وصول ہوجائے لیکن یہ رقم صرف نئے پروگرام کی صورت میں ہی وصول ہونا ممکن ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزارت خزانہ نے یہ تجویز بھی پیش کی ہے کہ بورڈ اجلاس نہ ہونے کی صورت میں آئی ایم ایف پروگرام میں 6 ماہ کی توسیع اور اسٹینڈ بائے معاہدے کا حجم 3 ارب ڈالر کیا جائے ۔

جب کہ آئی ایم ایف کے علاوہ جولائی میں پاکستان کو سعودی عرب سے دو اور متحدہ عرب امارات سےایک ارب  ڈالر ملنے کی امید ہے۔

پاکستان