اہم ترین

اسٹائلش بنگلہ دیشی اوپنرکا ریٹائرمنٹ کا اعلان

تمیم اقبال نے 2007 میں اپنا پہلا ون ڈے میچ کھیلا اور بنگلہ دیش کے لیے ون ڈے میچز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر کی حیثیت سے اپنے کیریئر کا اختتام کیا۔

بنگلہ دیش کے اسٹائلش اوپنر تمیم اقبال نے جمعرات کو بین الاقوامی کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

تمیم نے فروری 2007 میں اپنا ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور بنگلہ دیش کے لیے سب سے زیادہ ون ڈے انٹرنیشنل رنز (8 ہزار 313) اور 14 سنچریوں کے ساتھ اپنے محدود اوورز کے کیریئر کا اختتام کیا۔ وہ ون ڈے انٹرنیشنلز کے فعال کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی اور روہت شرما کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے والے تیسرے بیٹر ہیں۔

تمیم نے یہ اعلان چٹگرام کے ہوٹل ٹاور ان میں دوپہر ڈیڑھ بجے عجلت میں کی گئی ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ تمیم نے بدھ کی آدھی رات کو صحافیوں کو پیغام بھیج کر انہیں پریس کانفرنس کے بارے میں آگاہ کیا، جب کہ پریس کانفرنس کے مقام کی اطلاع صبح کے وقت دی گئی۔ پہلے یہ پریس کانفرنس رات 12 بجے ہونا تھی لیکن بعد میں اسے دوپہر ڈیڑھ بجے مقرر کر دیا گیا۔

یہ اعلان ان خبروں کے ایک دن بعد کیا گیا جب یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ چندیکا ہتھورو سنگھا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر نظم الحسن نے تمیم کے مکمل صحت مند نہ ہونے کے باوجود کھیلنے کے فیصلے کی مخالفت کی تھی۔

ون ڈے انٹرنیشنل میچجز میں بنگلہ دیش نے ان کی کپتانی میں مکمل ہونے والے 35 میں سے 21 میچ جیتے تھے۔

تمیم نے 14 سنچریوں اور 56 نصف سنچریوں کی مدد سے 239 اننگز میں 36 اعشاریہ 6 کی اوسط سے 8 ہزار 313 رنز بنا کر بنگلہ دیش کے سب سے نمایاں ون ڈے بلے باز کے طور پر ریٹائر ہوئے۔

70 ٹیسٹ میچز میں انہوں نے 10 سنچریوں اور 31 نصف سنچریوں کے ساتھ 38 اعشاریہ 9 کی اوسط سے 5 ہزار 134 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے 2021 میں ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ اس فارمیٹ میں تمیم واحد بنگلہ دیشی بلے باز ہیں جنہوں نے سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 20 اوور کے بین الاقوامی فارمیٹ میں 116 اعشاریہ 96 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1 ہزار 758 رنز بنائے۔

پاکستان