مقبول ٹویچ اسٹریمر کائی سینات نے لائیو اسٹریم پر اپنے فالورز کو یونین اسکوائر پارک میں پلے اسٹیشن 5 اور دیگر مفت گیمنگ الیکٹرانکس دینے کے لیے جمع کیا تھا۔
گیم اسٹریمنگ پلیٹ فارم ٹویچ پر ریکارڈ 20 ملین سبسکرائبرز کے حامل اسٹریمر کائی سینات، جمعہ کی سہ پہر اپنی لائیو اسٹریم پر آئے اور اپنے فالوورز کو یونین اسکوائر پارک میں جمع ہونے کی ترغیب دی۔ وہ سونی کے گیم کونسول پلے اسٹیشن 5 اور گیمنگ سے متعلق دیگر سامان اپنے مداحوں میں مفت تقسیم کرنا چاہتے تھے۔
اس کے بعد وہاں ایک فساد برپا ہوا کیونکہ ایک اندازے کے مطابق 2 ہزار بچے اور نوجوان پارک میں پہنچ گئے۔ اتنا بڑا اجتماع ایک بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کی وجہ بنا، جس کے بعد نیویارک پولیس کو متحرک ہونا پڑا اور ایک درجن سے زیادہ گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔
بے قابو ہجوم میں سے بہت سے لوگوں نے بوتلیں پھینکیں، گاڑیوں پر چھلانگیں لگائیں اور پولیس والوں کو بھی لعن طعن کی۔
کائی سینات مشہور یونین اسکوائر پارک میں پہنچے اور تقریباً ایک گھنٹے تک اپنی لائیو اسٹریم جاری رکھی اور اپنے پرجوش اور جذباتی فالورز سے بات کرتے رہے۔
بلوائیوں پر قابو پانے کے بعد پولیس نے کائی سینات کو حراست میں لے لیا ہے مگر وہ اس بات پر فی الحال غور کر رہے ہیں کہ آیا ان پر ہجوم کو بھڑکانے اور فساد برپا کرنے کا مقدمہ کر کے چارج شیٹ داخل کی جائے یا نہیں۔
کائی سینات برونکس سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ ٹویچ اسٹریمر اور یوٹیوب ریپر ہیں۔
اگرچہ وہ 2018 سے یوٹیوب ویڈیوز بنا رہے ہیں، لیکن ان کی مقبولیت میں ڈرامائی اضافہ 2021 میں ٹوئچ پر پروفائل بنانے کے بعد ہوا جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
انہوں نے ابتدائی طور پر ویڈیو گیمز کو لائیو اسٹریم کرنے اور مداحوں کے ساتھ چیٹ کرنے کے لیے پلیٹ فارم کا استعمال کیا، جو ان کا مواد دیکھنے کے لیے 5 اور 25 ڈالر کے درمیان ادائیگی کرتے ہیں۔
بلومبرگ کے مطابق، فروری 2023 میں کائی سینات نے 3 لاکھ فالورز کے بعد ٹوئچ پر سب سے زیادہ سبسکرپشنز کا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔
انہیں دسمبر 2022 کے 12 ویں اسٹریمی ایوارڈز کے دوران “اسٹریمر آف دی ایئر” کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔