مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے جعلی مقابلے میں مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا دوسری جانب کوکر ناگ میں مسلسل 5 روز سے محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائی جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے راجوڑی میں قابض بھارتی فوج نے جعلی پولیس مقابلوں کی آڑ میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
قابض بھارتی فوج کی جانب سے جھوٹا دعویٰ کیا گیا کہ جام شہادت نوش کرنے والے تینوں نوجوانوں کا تعلق تحریک ۤزادی کی مسلح جدو جہد کرنے والے گروہ سے تھ۔ جو ایک گھر میں پناہ لئے ہوئے تھے۔۔
دوسری جانب بھارتی فوج کا مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکر ناگ میں مسلسل 5 روز سے محاصرے اور تلاشی کی آڑ میں پرتشدد کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس آپریشن میں بھارتی فوج کو فضائی مدد بھی حاصل ہے۔ آپریشن کے لیے جدید ترین ڈرون استعمال کئے جارہے ہیں۔
3روز قبل اسی علاقے میں بھارتی فوج کا حاضر سروس کرنل، کیپٹن اور ایک سپاہی کے علاوہ کٹھ پتلی پولیس کا دی ایس پی مارا گیا تھا۔
وادی کی صورت حال پر آل پارٹیز حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ قتل و غارت، گرفتاریاں، تشدد اور دیگر بھارتی مظالم کشمیریوں کو اپنے حق سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کر سکتے ۔