اہم ترین

عمران خان کی ناکامی کے لیے فوج کی جانب سے انتخابی نتائج میں گڑ بڑ کا تاثر غلط ہے، نگراں وزیرِ اعظم

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات میں عمران خان کی ناکامی کے لیے پاک فوج کی جانب سے گڑ بڑ کرانے کا تاثر ٹھیک نہیں ۔۔

امریکی خبر ایجنسی کو دیئے گئے انٹرویو میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات اگلے سال ہوں گے۔ انتخابات کا انعقاد فوج کا نہیں الیکشن کمیشن کا کام ہے اور الیکشن کمیشن کے سربراہ کی تعیناتی عمران خان نے خود کی تھی۔

نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ صاف شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور نگراں حکومت اس کی معاونت کرے گی۔ جب انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان ہوگا تو حکومت مطلوبہ فنڈز، سیکیورٹی اور دیگر وسائل فراہم کرے گی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ وہ عدلیہ کے فیصلوں میں مداخلت نہیں کریں گے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ عدلیہ کو سیاسی مقاصد کے لیے آلہ کار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، انہوں نے کہا کہ ، ہم قانون پر عمل کو یقینی بنائیں گے ۔ عمران خان ہو یا کوئی اور سیاستدان، جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرے تو ہمیں قانون کے نفاذ کو یقینی بنانا ہوگا۔

نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان طرف سے ’کچھ سنگین سیکورٹی چیلنجز‘ ہیں۔ ہم افغان حکام سے رابطے میں ہیں۔

پاکستان