اہم ترین

ایسے آزاد فلسطین کی حمایت کرتے ہیں جس کا دارالحکومت القدس ہوگا، آرمی چیف

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان 1967 سے قبل کی سرحدی بنیاد پر قائم ایسی آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کرتا ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد رابعی نے پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں پر تشدد اور قتل عام پر تعزیت گہری تشویش کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کا ماننا ہے کہ غزہ میں تشدد کی تازہ لہر انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور ریاستی سرپرستی میں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا نتیجہ ہے۔ فلسطین کی جدو جہد ۤزادی کو دہشت گردی سے جوڑنا نادانی ہوگی۔

جنرل عاصم منیر نےکہا کہ اس نازک موڑ پر یہ ضروری ہے کہ بین الاقوامی برادری اسرائیلی فوج کی طرف سے طاقت کے بے دریغ استعمال سے رونما ہونے والے انسانی المیے کو جلد از جلد ختم کرنے کے لیے متحرک ہو ۔ اور انسانی اقدار کے تمام اصولوں کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے مظالم کو جاری رکھنے میں اسرائیل کی حوصلہ افزائی کرنے سے باز رہے ۔

آرمی چیف نے کشیدگی کے فوری خاتمے، غزہ کے لیے انسانی ہمدردی کے تحت راہداری کھولنے، شہریوں کے تحفظ اور بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری کے مطالبے کا اعادہ کیا۔انہوں نے 1967 سے قبل کی سرحدی بنیاد پر قائم ایسی آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کا اعادہ کیا۔ جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا۔

پاکستان