اہم ترین

دنیا میں سب سے لمبے بالوں کا ریکارڈ بھارتی خاتون کے نام

بھارتی خاتون سمیتا سریواستو کو ان کے لمبے بالوں کی وجہ سے دنیا کے دراز ترین زلفوں والا انسان قرار دے دیا گیا ہے۔۔

عالمی ریکارڈز مرتب کرنے والی تنظیم گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے مطابق سمیتا سری واستو کا تعلق بھارتی ریاست اتر پردیش ہے۔

سمیتا سری واستو کے بالوں کی لمبائی 236.22 سینٹی میٹر (7 فٹ 9 انچ) ہے ۔ اتنے لمبے بال کسی زندہ انسان کے نہیں۔ وہ اپنی والدہ سے متاثر ہوکر 14 سال کی عمر سے اپنے بال بڑھا رہی ہیں۔

46 سالہ سمیتا کا کہنا ہے کہ لمبے بال خواتین کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں ۔ ہندو مذہب میں دیویوں کے بال بہت لمبے ہوتے تھے۔ بھارتی تہذیب میں بھی خواتین کا بال کاٹنا نامناسب سمجھا جاتا ہے ۔

بھارتی خاتون کہتی ہیں کہ وہ ہفتے میں دو بار اپنے بال دھوتی ہیں، بال دھونے ، انہیں خشک کرنے اور بنانے میں 3 گھنٹے لگتے ہیں۔ پلنگ پر کھڑے ہوکر بال بناتی ہیں ۔ بالوں کو زمین پر لگنے سے بچانے کے لئے پہلے وہ پلنگ کے ساتھ چادر بچھاتی ہیں۔

سمیتا سری واستو کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بالوں سے اتنی محبت کرتی ہیں کہ گزشتہ 20 برسوں سے کنگھی کرتے ہوئے گرنے والے بال بھی پھینکنے کے بجائے انہیں جمع کررہی ہیں۔

کبھی کبھی چلتے ہوئے ان کے بال اپنے ہی پیروں میں آکر ٹوٹ جاتے ہیں، اس صورت حال سے بچنے کے لیے وہ اپنی چٹیا کا بھی بہت خیال رکھتی ہیں۔

سمیتا کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے بالوں کو دوسری مرتبہ حاملہ ہونے پر ایک فٹ تک کاٹا تھا تاکہ دوران حمل ان کے لئے بال سنبھالنا آسان ہوجائے۔

ان کا کہنا ہے کہ “لوگ میرے پاس آتے ہیں، میرے بالوں کو چھوتے ہیں، تصویریں کھینچتے ہیں، میرے ساتھ سیلفی لیتے ہیں، اور وہ اکثر ان مصنوعات کے بارے میں پوچھتے ہیں جو میں استعمال کرتی ہوں، لوگوں کو بتاتی ہوں کہ میں اپنے بالوں پر کیا لگاتی ہوں۔

سمیتا کہتی ہیں کہ جب تک ہوسکا اپنے بالوں کی حفاظت کروں گی، اور انہیں کبھی نہیں کاٹوں گا کیونکہ میری زندگی میرے بالوں میں ہے۔میں چاہتی ہوں کہ میرے بال زیادہ بڑھیں۔

پاکستان