اہم ترین

“لاڈلے کو لانے کے لیے پاکستان کو کیوں سزا دی گئی؟”

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کہتے ہیں کہ مجھے ہٹا کر کسی لاڈلے کو لانا مقصود تھا تو پاکستان کے عوام کا کیا قصور ہے جن کو سزا دی گئی۔

اپنے ویڈیو بیان میں عوام کو مخاطب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میرے خلاف سب مقدمے جھوٹے نکلے، عدالت نے مجھے ہر الزام سے بری کردیا ، ان کے خلاف ’شرمناک کھیل‘ کے سارے کردار بے نقاب ہوچکے ہیں۔ لیکن مجھے سچی خوشی اس وقت ہوگی جب آپ بھی بری ہوں گے ، جب آپ کو مہنگائی کے عذاب سے نجات ملے گی ، جب آپ کو بجلی اور گیس کے بھاری بلوں سے نجات ملے گی۔

نواز شریف نے کہا کہ ان کی مجھ سے دشمنی تھی نا؟ مجھے تو جیل میں ڈال دیا۔ لیکن آپ کو کیوں سزا دی گئی؟ میرا اصل سوال یہی ہوتا ہے کہ آپ کے گھروں کے چولہے کیوں بجھا دیئے گئے؟ آپ کے بچوں کی تعلیم کیوں چھین لی گئی؟

قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ میں خواب اور سبز باغ نہیں دکھاتا , جو کہتا ہوں اللہ پر پختہ ایمان کی بنا پر کہتا ہوں اور اللہ بھی مدد کرتا ہے۔الحمدللہ جو کہتا ہوں اللہ کے فضل و کرم اور آپ کی دعاؤں سے کرکے دکھاتا ہوں۔

نواز شریف نے عوام سے مخاطب ہوکر کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ آپ 8 فروری کو انشاءاللہ اپنا فیصلہ ضرور سنائیں گے۔ ایک خوشحال پاکستان , ایک ترقی یافتہ پاکستان اور اپنی بریت کا فیصلہ آپ خود کریں گے۔

پاکستان