اہم ترین

“ہم نے آئین سے ہٹنے والے کے خلاف ایکشن لیا تو ہمارے خلاف ایکشن لے لیا گیا”

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کہتے ہیں کہ “ہم نے آئین سے ہٹنے والے کے خلاف ایکشن لیا تو ہمارے خلاف ایکشن لے لیا گیا”۔

لاہور میں سندھ سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے لئے انتخابی ٹکٹ کے امیدواروں کے انٹرویوز کے دوران خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اپنے زمانے میں ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا تھا غیر ملکی قرضے ہم واپس کررہے تھے اگر ترقی کی وہ رفتار جاری رہتی تو آج ہم بہت آگے ہوتے یہی نہیں ہم دنیا میں ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں بھی بہت آگے پہنچ چکے ہوتے۔

نواز شریف نے کہا کہ “آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا تھا , ہم غیر ملکی قرضے واپس کررہے تھے , جی 20 میں پاکستان کی شمولیت کی بارے بات ہورہی تھی ۔

قائد ن لیگ نے مزید کہا کہ کوئلے کے منصوبے لگانے کی باتیں سب کرتے تھے لیکن لگاتا کوئی نہیں تھا ہم نے سندھ میں کوئلے کا منصوبہ لگایا اور اس کوئلے سے بجلی بنائی ہم نے جو کہا اس پر عمل کرکے دکھایا۔ ہم ترقی لانے، کام کرنے اور غریبوں کے دکھ درد بانٹنے والے لوگ ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 2017 میں میرے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر فارغ کردیا جائے گا لیکن آپ نے بھی دیکھا کہ ایسا ہوا۔نہ قانون میں گنجائش تھی نہ آئین میں کوئی گنجائش تھی لیکن وزیراعظم کو نکالنا مقصود تھا تو نکال دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ “لاہور کے اندر اورنج ٹرین , میٹرو بس جیسی سہولیات ہیں , کراچی میں یہ سہولیات کیوں میسر نہیں، ہم نے آئین سے ہٹنے والے کے خلاف ایکشن لیا تو ہمارے خلاف ایکشن لے لیا گیا”۔

پاکستان