اہم ترین

پاکستان خطے میں بلاک سیاست پر یقین نہیں رکھتا، آرمی چیف

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان بلاک سیاست سے گریز اور تمام دوست ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھنے پر یقین رکھتا ہے

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکا کے دورے پر موجود پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے امریکی تھنک ٹینکس اور میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان جیو پولیٹیکل اور جیو اکنامک دونوں نکتہ نظر سے ایک اہم ملک ہے، اس لئے خود کو رابطوں کے مرکز سمیت وسطی ایشیا اور اس سے آگے کے لیے گیٹ وے کے طور پر تیار کرنا چاہتا ہے۔ تاہم بلاک سیاست سے گریز اور تمام دوست ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھنے پر یقین رکھتا ہے۔

جنرم عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان طویل مدتی بنیادوں پر کثیر الجہتی شراکت داری کے ذریعے امریکا کے ساتھ دو طرفہ روابط کو وسیع کرنے کا خواہاں ہے۔ دورہ امریکا کے دوران سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ ان کی بات چیت بہت مثبت رہی ہے اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے منتظر ہیں۔

سربراہ پاک فوج نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان علاقائی استحکام اور عالمی امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کئی دہائیوں سے بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف ایک مددگار کے طور پر کھڑا ہے۔ اس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال خدمات اور قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان اپنے عوام کی امنگوں کے مطابق منطقی انجام تک لڑتا رہے گا۔

جنرل عاصم منیر نے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے اور کوئی بھی یکطرفہ اقدام علاقے کے لاکھوں لوگوں کی خواہشات کے خلاف اس تنازعہ کی نوعیت کو تبدیل نہیں کرسکتا۔

اس موقع پر انہوں نے غزہ میں بے گناہ عوام پر مصائب کے خاتمے، انسانی امداد کی فراہمی اور خطے میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل کے نفاذ کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا۔

پاکستان