اہم ترین

تحریک انصاف اور ن لیگ کو اشرافیہ کا خیال رکھنے کے لیے مسلط کیا گیا ہے: بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور ن لیگ کو اشرافیہ کا خیال رکھنے کے لیے مسلط کیا گیا ہے۔

لاہور میں خواتین کی تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کو اگر غریبوں اور مزدوروں کی حکومت بنانی ہے تو انہیں پیپلز پارٹی کو جتوانا ہوگا۔ باقی جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں۔ اشرافیہ کا خیال رکھنے کے لیے تحریک انصاف اور ن لیگ کو مسلط کیا گیا ہے۔

عوام کو مخاطب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی اگر حکومت بنی تو تنخواہیں دگنا کر دیں گے۔نوجوانوں کو بینیظر کارڈ اور کسانوں کو کسان کارڈ دلوائیں گے۔ہم ملک میں مفت تعلیم اور صحت کے ادارے بنانا چاہتے ہیں۔۔ آپ میری آواز اور نمائندے بنیں۔

اس سے پہلے ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو کی سالگرہ پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ہم قائدِ عوام کے نظریے کے مطابق پاکستان کو ایک خوشحال، مضبوط اور مساوات پر کھڑا ملک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئیں اس موقع پر ایک عہد کریں کہ ہم شہید بھٹو کے منشور ‘روٹی، کپڑا اور مکان’ پر عمل کرکے ملک سے مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ کریں گے ۔

پاکستان