فرانس، بیلجیم، اٹلی اور اسپین میں ڈیپارٹمینٹل اسٹورز چلانے والی کمپنی کیرفور نے قیمتوں کے تنازع پر پیپسی، سیون اپ، لپٹن چائے اور لیز چپس سمیت پیپسی کو کمپنی کی مصنوعات کی فروخت بند کردی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی فرانس 24 کے مطابق کیر فور (Carrefour) نے فرانس، بیلجئیم، اٹلی اور اسپین بھر میں اپنے اسٹورز پر پیپسی کو کی مصنوعات کے شیلفوں پر نوٹس چسپا کردیئے ہیں۔ جن پر تحریر ہے کہ “ہم ناقابل قبول قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اب اس برانڈ کو فروخت نہیں کرتے۔”
اس حوالے سے پیپسی کو کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہم کئی ماہ سے کیر فور کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ ہم نیک نیتی سے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے رہیں گے کہ اسٹورز پر ہماری مصنوعات دستیاب ہوں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ ان پر کھانے پینے کی اشیا بنانے والی بڑی کمپنیاں قیمتیں بڑھانے کے لئے دباؤ ڈال رہی ہیں۔
دنیا بھر میں پیپسی کی سب سے بری حریف کمپنی کوکا کولا نے بھی گزشتہ برس نومبر مین اپنی مصنوعات کی قیمتیں 7 فیصد تک بڑھانے کا عندیہ دیا تھا۔
پیپسی کو نے گزشتہ برس اکتوبر میں اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ کمپنی کی اشیا کی فروخت میں توقع کے مطابق اضافہ نہیں ہورہا۔ اس کے ساتھ ہی کہا تھا کہ کمپنی 2023 میں منافع میں 13 فیصد اضافے کی توقع رکھتا ہے۔ شیئر ہولڈرز کو ڈیویڈنڈ اور شیئر بائی بیکس کی مد میں 7 ارب 70 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کی جائے گی۔
یورپی صارفین اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سامنا کررہے ہیں۔ دو برسوں کے دوران فرانس اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے- جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ اپنے اخراجات کو مد نظر رکھتے ہوئے سستے برانڈز کو ترجیح دے رہے ہیں۔
یورپی ملکوں میں کیر فور کی حریف سپر مارکیٹ چین ای لیکلیرک (E. Leclerc) کے سربراہ مائیکل ایڈورڈ لیکلیرک (Michel-Edouard Leclerc) نے کہا کہ بڑی کمپنیوں سے بات کرنا بہت مشکل ہے لیکن ان کی مصنوعات بیچنا چھوڑ دینا اس کا حل نہیں۔ یہ صحیح ہے کہ خریدار کسی بھی چیز کی زیادہ ادائیگی نہیں کرنا چاہتے لیکن اگر اگر آپ کے پاس ان کی مطلوبہ چیز دستیاب نہین تو وہ آپ کے حریف کے پاس جائیں گے۔