موبائل، ٹی وی، کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی اس دنیا میں لوگوں کے لیے جتنی سہولیات بڑھی ہیں مشکلات میں بھی اتنا ہی اضافہ ہوا ہے۔ آن لائن صارفین کی سب سے بڑی مشکل اور مسئلہ سائبر کرائم سے محفوظ رہنا ہے۔ سائبر مجرم روزانہ انٹرنیٹ صارفین کی پرائیویسی ہیک کرنے کے طریقے تلاش کرتے رہتے ہیں۔ اب تو انہیں گوگل اکاؤنٹ ہیک کرنے کے لیے پاس ورڈ کی بھی ضرورت نہیں ۔
سائبر کرائم میں ملوث افراد نے ایک ایسا طریقہ ڈھونڈ لیا ہے جس کی مدد سے وہ پاس ورڈ کے بغیر بھی کسی بھی صارف کے گوگل اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ اگر صارفین اپنے گوگل اکاؤنٹ کا پاس ورڈ دوبارہ ترتیب دیں تب بھی ہیکرز صارفین کے گوگل اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
ہیکرز کی آسان رسائی کسی بھی صارف کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے کیونکہ آج کے جدید دور میں اکثر لوگ اپنا تمام ذاتی ڈیٹا اور پاس ورڈ اپنے گوگل اکاؤنٹ میں محفوظ کر لیتے ہیں۔ ایسے میں اگر ہیکرز بغیر پاس ورڈ کے لوگوں کے گوگل اکاؤنٹس کو استعمال کرنا شروع کر دیں تو پوری دنیا کی پرائیویسی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فرم CloudSEK نے سائبر کرائم کے اس نئے طریقہ کار کا تجزیہ کیا ہے۔ یہ مسئلہ پہلی بار اس وقت سامنے آیا جب اکتوبر 2023 میں ایک ہیکر نے ٹیلی گرام چینل پر اس کے بارے میں پوسٹ کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح تھرڈ پارٹی کوکیز میں غلطیوں کی وجہ سے ہیکرز صارفین کے گوگل اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ تھرڈ پارٹی کوکیز کو ویب سائٹس اور براؤزر صارفین کو ٹریک کرنے اور ان کی ضرورت کے مطابق اشتہارات دکھانے کے لیے استعمال کرتے ہیں لیکن اب یہ تھرڈ پارٹی کوکیز صارفین کے لیے خطرہ بن رہی ہیں۔
اس کے علاوہ گوگل کوکیز کی مدد سے صارفین کے پاس ورڈ محفوظ کرتا ہے تاکہ اگلی بار لاگ ان ہونے پر انہیں دوبارہ پاس ورڈ ڈالنے کی ضرورت نہ پڑے۔ لیکن ہیکرز نے دو درجاتی توثیق کو نظرانداز کرنے کا ایک طریقہ ڈھونڈ لیا ہے۔
CloudSEK کے بلاگ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ سائبر کرائم کے اس نئے طریقے کی بدولت ہیکرز گوگل اکاؤنٹ کا پاس ورڈ ری سیٹ کرنے کے بعد بھی صارفین کا گوگل اکاؤنٹ استعمال کر سکیں گے۔ یہ رپورٹ سائبر کی دنیا میں آنے والے بڑے خطرے اور گوگل کی تکنیکی کمزوریوں دونوں کے بارے میں خبردار کر رہی ہے۔
اس صورت حال پر گوگل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایسے سائبر خطرات کے تدارک کے لیے اپنے سیکیورٹی سسٹم کو مسلسل اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ صارفین کی مکمل سیکیورٹی کے لیے نئی ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیاجارہا ہے۔
چند روز قبل گوگل نے کروم براؤزر کے لیے تھرڈ پارٹی کوکیز کو بلاک کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جس کا فائدہ آنے والے چند دنوں میں تمام صارفین کو ملنا شروع ہو سکتا ہے۔