اہم ترین

ہمارے امیدواروں کو الیکشن سے دستبردار ہونے کیلیے دھمکایا جا رہا ہے، فضل الرحمان

سربراہ جمیعت علما اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ ہمارے امیدواروں کو الیکشن سے دستبردار ہونے کے لیے دھمکایا جا رہا ہے۔

ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کوئی سیاسی جماعت، کوئی پاکستانی سوچ سمجھ کر ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتا، سوائے ایک فتنے کے جو ملک کو معاشی لحاظ سے تباہ کرنے کے ایجنڈے پر آیا تھا۔ ملکی معیشت کو ساڑھے تین سال باقاعدہ منصوبہ بندی سے گرا یا گیا۔

سربراہ جمیعت علما اسلام (ف) کا کہنا تھا کہ ساڑھے 3 سال ملک پر فتنہ مسلط تھا، آج معیشت کی جو حالت ہے اسی فتنہ کی بدولت ہے۔

جے یو آئی (ف) کے امیر کا کہنا تھا کہ انتخابات زور شور پر ہیں اور ہر امیدوار سوچتا ہے کہ کامیابی کے لیے الیکشن لڑوں گا، ہر امیدوار سوچتا ہے کون سی وزارت میں زیادہ آمدن ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اصل مسئلہ یہ ہے عام آدمی کی ضرورتوں کو کیسے پوری کریں گے، عوام کے جان، مال، عزت و آبرو کے حقوق، ان کا تحفظ اہم مسئلہ ہے، عوام سے یہی چاہتے ہیں کہ سوچ سمجھ کر اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔

مدرسہ ملک کا نظام سکھاتا ہے، ہم دینی اور عصری علوم کے قائل ہیں، ہم ناموافق حالات میں بھی کام کر رہے ہیں، سیاست چالاکی کے ساتھ اقتدار تک پہنچنے کا نام نہیں۔ دینی علم کی پختگی کے بغیر سیاست کا حق ادا نہیں کیا جاسکتا۔ آج جو سیاست ہو رہی ہے وہ شریعت کی نظر میں درست نہیں ہے۔ اس کو مفادات کی جنگ کہہ سکتے ہیں، مگر یہ سیاست نہیں ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارے امیدواروں کو الیکشن میں بیٹھنے کے لیے دھمکایا جا رہا ہے، ان سے کہوں گا ہماری طاقت کو نہ للکارا جائے، ہم حرکت میں آگئے تو کوئی کرسی نہیں بچا سکے گا، ہماری طاقت کے بارے میں پوچھنا ہے تو فتنے سے پوچھو جو ختم ہو چکا ہے۔

پاکستان