اہم ترین

قومی کرکٹ ٹیم کی نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان : کوئی سربراہ نہیں ہوگا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے قومی کرکرٹ ٹیم کی نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کر دیا ہے لیکن اس کمیٹی کا کوئی سربراہ نہیں ہوگا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی قومی سلیکشن کمیٹی میں سابق کرکٹرز محمد یوسف، وہاب ریاض، اسد شفیق اور عبدالرزاق کے علاوہ ٹیم کپتان، ہیڈ کوچ اور ڈیٹا اینالسٹ ایکسپرٹ شامل ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم کے کوچز کے حوالے سے کام ہو رہا ہے، جس دن کوچز کے حتمی ناموں کا فیصلہ ہوگا اسی دن اعلان کردیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ وہ پی سی بی کے تمام وسائل کرکٹ اور کھلاڑیوں پر لگائیں گے ۔ اس طرح اگر خزانہ خالی بھی چھوڑ کر گیا تو خوش ہوں گا کہ کرکٹ کی بہتری پر خرچ ہوا، بینکوں میں پیسہ رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی کپتان ہوں گے یا نیا کپتان آئے گا اس کا فیصلہ سوچ سمجھ کر ہو گا، محمد عامر کے بارے میں سلیکٹرز فیصلہ کریں گے، دعا کریں کہ چیمپئنز ٹرافی شیڈول کے مطابق ہو، آئی سی سی کی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات دیکھنے پاکستان آ رہی ہے۔

پاکستان