اہم ترین

پاکستان میں ایسے سیاستدان ہیں جو اپنی ذات سے آگے نہیں دیکھتے: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک میں ایسے سیاستدان ہیں جو اپنی ذات سے آگے نہیں دیکھتے۔

لاہور میں سیمینار سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا آج ملک میں سیاست سیاست نہیں بلکہ ذاتی دشمنی میں تبدیل ہوگئی ہے ، سیاست میں اختلاف رائے کے احترام کی گنجائش ہی نہیں رہی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم ایک ذمے دار سیاسی جماعت ہیں، مثبت کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔پیپلز پارٹی کا منشور ہے کہ گالم گلوچ کے بجائے عوام کے مسائل کا حل نکالا جائے۔الیکشن میں پیپلز پارٹی کے منشور پر بہت تنقید کی گئی، لیکن اب وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے یہی راستہ اپنایا ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ میں بحیثیت صدر اپنی پہلی تقریر میں مفاہمت کا پیغام دیا مگر ملک میں اپنی ذات سے آگے نہ دیکھنے اور ملکی مفاد میں دلچسپی نہ لینے والے سیاستدانوں نے جواب میں گالم گلوچ اور شور شرابا کیا۔گالم گلوچ اور نفرت کی سیاست کے بجائے پاکستان سے متعلق سوچیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی بحران ہے ، سیکیورٹی صورت حال بھی ٹھیک نہیں، عوام مہنگائی اور غربت سے پریشان ہیں، سیاسی جماعتیں بات چیت پر تیار نہیں ہوں گی تو پارلیمنٹ سے بھی اتنے بڑے مسئلے کے حل کی اُمید نہیں، ایسے حالات میں عوام یہ سب دیکھ کر بہت مایوس ہوتے ہوں گے کہ پارلیمنت کو ان کے مسائل کا حل نکالنے کے بجائے اپنے مفاد کے لئے استعمال کیا گیا۔

پاکستان