اسپیس ایکس، ٹیسلا اور ٹوئٹر کے مالک اور دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک ایلون مسک نے گزشتہ دنوں مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے سی ای او کے عہدے پر ایک خاتون لینڈا یا کارینو کو فائز کردیا ہے۔
ٹوئٹر کی نئی سی ای او نے عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد اپنی پہلی ٹوئٹ میں کمپنی کے مستقبل کے حوالے سے اہم اعلان کردیا ہے۔
لینڈا یاکارینو نے اپنی ٹوئٹ میں ایلون مسک کو اپنی پسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں روشن مستقبل کے لیے ایلون مسک کے نظریات سے متفق ہوں اور ان کے تصور کو ٹوئٹر کا حصہ بنا کر اس کاروبار کو بدل دینا چاہتی ہوں۔
اشتہارات کے کاروبار میں کئی سالوں کا تجربہ رکھنے والی لینڈا کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر 2.0 کے لیے اس کے صارفین کی آرا بہت اہمیت کی حامل ہیں۔
واضح رہے کہ ایلون مسک کے کچھ متنازعہ اور کاروباری لحاظ سےنقصان دہ فیصلوں سے ٹوئٹر کی آمدن میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے اور لینڈا کے لیے اس وقت سب سے اہم مرحلہ اشتہاراتی آمدن کو بڑھانا ہے۔
اور ماہرین کے مطابق سی ای او کے عہدے پر ایڈورٹائزمنٹ انڈسٹری کی ماہر کو فائز کرنے سے اس بات کا عندیہ ملتا ہے کہ اس مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم کی آمدن کا زیادہ انحصار ڈیجیٹل اشتہارات پر ہے۔اور ایلون مسک کہہ چکے ہیں کہ انہیں امید ہے کہ لینڈا یا کارینو ٹوئٹر کو ایک سپر پلیٹ فارم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔