اہم ترین

توشہ خانہ 2 کیس میں عمران خان کی ضمانت منظور

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانئ پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت منظور کر لی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے توشہ خانہ 2 کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل نے تحائف کی خریداری توشہ خانہ پالیسی 2018 کے تحت کی۔ کسٹم اور اپریزر نے جو قیمت لگائی وہ قیمت ادا کر کے اپنے پاس تحفہ رکھ لیا۔ اس میں کوئی غیر قانونی نہیں۔

ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر عمیر مجید نے سماعت کے دوران عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ بلغاری جیولری سیٹ توشہ خانہ میں جمع ہی نہیں کروایا گیا اور ریاست کے تحفے کی کم قیمت لگواکر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔

جسٹس میاں گُل حسن اورنگزیب نے ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ اس سے عمران خان کو کیا فائدہ ہوا؟ جس پر عمیر مجید نے جواب دیا کہ ’جب بیوی کو فائدہ ملا تو شوہر کا بھی فائدہ ہوا۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی بات پر جسٹس میاں گُل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیا کہ میری بیوی کی چیزیں بھی میری نہیں ، ہم پتا نہیں کس دنیا میں رہ رہے ہیں۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد نے عدالت نے 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض عمران خان کی ضمانت منظور کرلی۔

عدالت عالیئہ نے حکم دیا کہ اگر ملزم کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں تو انھیں رہا کردیا جائے۔

پاکستان