پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ حکومت کے پاس دو مہینے کا وقت ہے اور حکومت دلدل میں پھنستی جارہی ہے۔
بی بی سی کے مطابق اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کے دوران عمران خان نے کہا کہ جتنے مقدمات بنانے ہیں بنا لیں کوئی ڈیل نہیں کروں گا۔ القادر ٹرسٹ کیس میں اپنے دفاع میں گواہ پیش کروں گا شناخت نہیں بتا سکتا ورنہ اسے اٹھانے ویگو ڈالا پہنچ جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ ڈیل وہ کرتا ہے جس نے کوئی جرم کیا ہو۔ میرا کوئی پیسہ باہر نہیں پڑا نہ کوئی جائیداد۔ میں نے سارے کیسز لڑے ہیں مزید بھی لڑوں گا۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ میں نے غیر مشروط معافی مانگی ہے۔ میں صرف اور صرف پاکستان کے لیے بات کرنے کا کہہ رہا ہوں۔
9 مئی کو احتجاج سے متعلق انہوں نے کہا کہ میں نے کہا تھا جب مجھے پکڑیں تو آپ نے جی ایچ کیو کے سامنے پرامن احتجاج کرنا ہے۔ ظاہر ہے ہمیں جہاں سے مسئلہ ہوگا وہیں احتجاج کریں گے یہ ہمارا آئینی حق ہے۔ ہمارے پرامن احتجاج پر ہمیں دہشت گرد بنا دیا گیا۔نو مئی پر ہم صرف انصاف چاہتے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ میرے پاس بہت وقت ہے وقت ان کے لیے ختم ہو رہا ہے۔ ان کو سمجھ نہیں آرہی اس حکومت کے پاس دو ماہ سے زائد کا وقت نہیں ہے۔ ملک میں بنگلہ دیش سے برے حالات ہیں۔ اسی لیے کہہ رہا ہوں ان کے نام ای سی ایل پر ڈالے جائیں۔