بھارتی ریاست سکم میں فوجی گاڑی کھائی میں گرنے سے ایک کمیشنڈ آفیسر سمیت چار اہلکاروں کی جان چلی گئی ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سکم کے ضلع پاکیونگ میں دلوپ چند درہ کے قریب عمودی ویر کے مقام پر بھارتی فوجیوں کی آمد ورفت میں استعمال ہونے والی کھائی میں جاگری۔
حادثے میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت 4 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ مرنے والوں میں مدھیہ پردیش سے ڈرائیور پردیپ پٹیل، منی پور کے ڈبلیو پیٹر، ہریانہ کے نائیک گرسیو سنگھ اور تمل ناڈو کے صوبیدار کے تھنگاپنڈی شامل ہیں۔ تمام مرنے والے فوجی اہلکار بھارتی فوج کی بنگوری یونٹ سے تعلق رکھتے تھے ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور فوج کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
گاڑی کے کھائی میں گرنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ اس حوالے سے بھارتی فوج کی جانب سے ابھی تک باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
اس سے قبل 2022 میں سکم میں بھی ایسا ہی ایک حادثہ ہوا تھا۔ اس میں فوج کی ایک بس گہری کھائی میں گر گئی جس کی وجہ سے 16 فوجیوں کی موت ہو گئی تھی ۔