ٹیسٹ فارمیٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کہتے ہیں کہ انگلینڈ کے خلاف میدان میں اتاری جانے والی ہماری ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور عامر جمال کے آنے سے ہماری فاسٹ باؤلنگ کو برتری ملی ہے جبکہ وہ آسٹریلیا میں بیٹنگ کے جوہر بھی دکھا چکے ہیں۔
ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران شان مسعود کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ میدان میں انگلینڈ ٹیم کس انداز سے کرکٹ کھیلے گی ۔ اس کے ساتھ ہی ہمیں یہ دیکھنا ہو گا کہ ہم کس طرح سے انہیں قابو کر سکتے ہیں۔
شان مسعود نے کہا کہ ہمیں انگلینڈ کے خلاف ہماری گزشتہ ہوم سیریز کے دوران کی گئی غلطیوں سے سیکھنا اور سبق حاصل کرنا ہوگا، ہم 2022 میں بھی اسی میدان پر اگلینڈ کے خلاف میچ جیتنے کے بہت قریب آئے تھے لیکن ہم نے مواقع گنوائے۔ اس کے بعد بھی ہم نے وہی غلطیاں کیں۔
پلیئنگ الیون میں لمبی بیٹنگ لائن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں نمبر سات کے بعد ہمارے بیٹرز رنز حاصل نہ کرسکے۔ یہ کام عامر جمال نے آسٹریلیا میں بہت اچھی طرح کیا تھا۔ انہوں نے کینگروز کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 18 وکٹیں بھی لی تھیں لیکن بدقسمتی سے وہ انجری کا شکار ہو گئے تھے۔